May ۲۷, ۲۰۱۹ ۱۱:۲۱ Asia/Tehran
  • ایران نے دی عدم جارحیت کے علاقائی معاہدے کی تجویز

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے عراقی حکام کیساتھ اپنی حالیہ تعمیری ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عراق میں عدم جارحیت کے علاقائی معاہدے کی تجویز دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق محمد جواد ظریف نے جو عراق کے دورے پر ہیں ایک ٹوئیٹ میں عراق کے وزیراعظم، صدر مملکت، پارلیمنٹ کے اسپیکر اور وزیر خارجہ کیساتھ اپنی تعمیری ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عراق کے دورے پرعدم جارحیت کےعلاقائی معاہدے کی تجویز دی ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ ہفتہ کے روز ایک اعلی سطحی وفد کی قیادت میں عراق پہنچے جہاں انہوں نے عراق کے وزیر اعظم عادل عبدالمہدی، عراق کے صدر برہم صالح ، پارلیمنٹ کے اسپیکر اور اور اس ملک کے وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ہونے والی ملاقاتوں میں دونوں فریقین نے باہمی تعلقات سمیت علاقائی اور بین الاقوامی تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کل رات کربلای معلی میں حرم مطہر حضرت امام حسین (ع) اور حرم مطہر حضرت ابوالفضل العباس علمدار کربلا کی زیارت کی اور شب شہادت حضرت امام علی (ع) کے مراسم میں شرکت کی اور وہاں پر ایرانی اور عراقی زائرین سے بھی گھل مل گئے۔

یاد رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ کا تیسرا دورہ عراق اس وقت ہوا جب خطے میں امریکی جارحانہ اقدامات میں اضافہ ہوگیا ہے اور دوسری طرف واشنگٹن اور بعض عرب ممالک نے عراق میں بدامنی پھیلانے کے حوالے سے ناجائز خدشات کا اظہار کرتے ہوئے  فضا کو خراب کرنے کی کوششیں تیز کردی ہیں.

 

ٹیگس