مسلح افواج ہرطرح کی صورتحال کا سامنا کرنے کے لئےآمادہ ہیں، میجر جنرل موسوی
ایرانی فوج کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج دشمن کے مقابلے میں پوری توانائی کے ساتھ مکمل طور پر آمادہ ہیں۔
میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے بدھ کے روز آئی آر آئی بی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کی مانند اگر کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو ایران، دشمن کو پشیمان کردے گا۔
ایرانی فوج کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر حبیب اللہ سیاری نے بھی آئی آر آئی بی سے گفتگو میں خلیج فارس میں امریکی بحری بیڑے کی موجودگی اوراس سلسلے میں کئے جانے والے پروپیگنڈے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج کسی کو بھی ایرانی سمندری حدود کے قریب آنے کی اجازت نہیں دیں گی۔انھوں نے کہا کہ خلیج فارس اور بحیرہ عمان میں دشمنوں کی نقل و حرکت پر ایران کی پوری نظر ہے اور علاقے میں اغیار کی موجودگی بدامنی کا باعث ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ نے ایران مخالف پالیسیوں کو جاری رکھتے ہوئے حال ہی میں خلیج فارس کے علاقے میں اپنا بحری بیڑہ اور بمبار طیارے روانہ کئے ہیں۔