Jun ۲۴, ۲۰۱۹ ۱۰:۴۴ Asia/Tehran
  • ایرانی عوام کی استقامت سے دشمن مایوس ہوا: ایران

ایران کی عدلیہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں ایرانی عوام کی استقامت نے دشمن کو مایوس کیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ حجت الاسلام و المسلمین سید ابراهیم رئیسی نے کل رات ایران کے ٹیلی ویژن چینل ایک سے گفتگو میں اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ دشمنوں سے مقابلے کیلئے بہترین راستہ استقامت اور ثابت قدمی کا ہے کہا کہ دنیا اب اس جانب متوجہ ہوگئی ہے کہ تمام تر مسائل و مشکلات کے باوجود استقامت ہی بہترین راستہ ہے۔

ایران کی عدلیہ کے سربراہ نے ایرانی عوام کے خلاف منافقین کے گروہ کے جرائم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام کے خلاف منافقین کے جرائم دہشتگرد گروہ داعش کی مانند ہیں جو عراق، شام اور دوسرے ممالک میں انجام دے رہا ہے۔

سید ابراهیم رئیسی نے یورپی اور مغربی ممالک کی جانب سےدہشتگرد گروہ منافقین کے ہزاروں ایرانیوں کو شہید کرنے والے دہشتگردوں کو پناہ دینے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپ کے اس قسم کے رویے سے بخوبی دکھائی دیتا ہے کہ ان کے سامنے انسانوں اور اقوام کی کوئی اہمیت نہیں ہے بلکہ انھیں اپنے مفادات عزیز ہیں۔

واضح رہے کہ دہشتگرد گروہ منافقین نے امریکہ،اسرائیل اور برطانیہ کی حمایت سے دہشتگردی کے مختلف واقعات میں کم از کم 17 ہزار ایرانیوں کو شہید کیا۔

ٹیگس