Jul ۲۸, ۲۰۱۹ ۱۱:۰۷ Asia/Tehran
  • عباس عراقچی ویانا کے دورے پر روانہ

ایران کے نائب وزیر خارجہ ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ ویانا روانہ ہوگئے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے ویانا روانہ ہوگئے ہیں۔

سید عباس عراقچی ویانا میں گروپ 4+1 اور ایران کے سیاسی مدیروں کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس اجلاس میں مشترکہ ایٹمی معاہدے سے متعلق امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائےگا۔ یہ اجلاس فرانس، برطانیہ ، جرمنی اور ایران کی درخواست پر بلایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ایران جوہری معاہدے سے امریکی علیحدگی اور ایران کے خلاف امریکہ کی دشمنانہ پالیسیوں کے تسلسل میں جوہری معاہدے کے نفاذ میں روڑے اٹکانے کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران نے گزشتہ 8 مئی کو یہ فیصلہ کیا تھا کہ جوہری معاہدے کے بعض احکامات پر عمل نہیں کرے گا اور معاہدے کے فریقین کو بھی 60 دن کا الٹی میٹم دیا تا کہ وہ تیل اور بینکاری شعبوں کے علاوہ دیگر امور سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل کریں۔

جوہری معاہدے سے امریکہ کی غیرقانونی علیحدگی سے ایک سال گزر گیا اور اسی دوران ایران نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیگر فریقین کو اس نقصان کا ازالہ کرنے کا کافی وقت دیا۔

 

ٹیگس