Sep ۲۸, ۲۰۱۹ ۱۴:۵۵ Asia/Tehran
  • تخت روانچی کی عیادت کے لئے امریکہ کی شرمناک شرط

امریکی حکومت نے ایک بار پھر اس بات کا ثبوت پیش کیا ہے کہ اس کی نظر میں سیاسی مفادات سے اہم کوئی چیز بھی نہیں ہے اور اس کے لئے وہ، مسلمہ قوانین کے ساتھ ہی انسانیت اوراخلاقی اصولوں کو بھی قربان کرنے کے لئے تیار ہے ۔

امریکی حکومت نے نیویارک میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف کو اسپتال جاکے اقوام متحدہ میں مستقل ایرانی مندوب مجید تخت روانچی کی عیادت کی اجازت دینے کے لئے شرمناک شرط پیش کی ہے ۔

اقوام متحدہ میں مستقل ایرانی مندوب مجید تخت روانچی

امریکی حکومت نے جمعے کی شام اعلان کیا کہ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف صرف اس شرط پر اسپتال جاکے اقوام متحدہ کے لئے مستقل ایرانی مندوب مجید تخت روانچی کی عیادت کرسکتے ہیں کہ ایران میں ایک امریکی قیدی کو جیل سے رہا کیا جائے ۔

قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کے لئے ایران کے مستقل مندوب مجید روانچی کو اقوام متحدہ کی حدود سے باہر نیویارک کے ایک اسپتال میں علاج کے لئے داخل کرایا گیا ہے۔

وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف ان کی عیادت کے لئے اسپتال جانا چاہتے تھے لیکن امریکی حکومت نے اقوام متحدہ کے منشور ، بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کو پامال کرتے ہوئے، انہیں اپنے نمائندے کی عیادت کے لئے اسپتال جانے کی اجازت نہیں دی اور اس کے لئے شرمناک غیر قانونی شرط پیش کی ۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے امریکی حکومت کے اس اقدام کو خلاف قانون قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ۔انھوں نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی صحتیاب ہوجائیں گے لیکن امریکا کی یہ شرمناک شرط، اس کی رسوائی کا سبب بنے گی اور ایک بدنما داغ کی حیثیت سے تاریخ میں باقی رہے گی ۔

قابل ذکر ہے کہ امریکی حکومت نے نیویارک میں ایرانی وفد کے لئے محدودیتوں کا اعلان کررکھا ہے ۔امریکی حکومت کے صادر کردہ احکام کے مطابق ایرانی وفد کےارکان صرف اقوام متحدہ کی حدود میں ہی رہ سکتے ہیں اور اقوام متحدہ کے ہیڈکواٹر اور نیویارک کے جان ایف کنیڈی ہوائی اڈے کے درمیان ہی رفت و آمد کرسکتے ہیں ۔امریکی حکومت نے اس سے پہلے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لئے نیویارک جانے والے ایرانی وفد کے ارکان کو ویزا صادر کرنے میں بھی رکاوٹیں ڈالی تھیں ۔امریکا اقوام متحدہ کا ہیڈکوارٹر نیویارک میں ہونےسے ہمیشہ ناجائز اور غیر قانونی فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہے اور اقوام متحدہ کے اجلاسوں میں اپنے مخالفین کی شرکت کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتا ہے ۔

ٹیگس