ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ پر تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکروں نے اقتصادی شعبے میں ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے پر تاکید کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکرعلی لاریجانی نے پیر کے روز صربیا کے دارالحکومت بلغراد میں 141ویں عالمی بین الپارلیمانی یونین کے اجلاس (IPU) کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب اسد قیصرکے ساتھ ایک ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ ثقافتی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے حوالے سے ایران کے خیالات مثبت ہیں۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کشمیر سے مربوط مسائل کے حل ہونے کیلئے امید کا اظہار کیا تاہم علی لاریجانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات ناکافی ہیں لہذا دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہیئے.
اس موقع پر پاکستانی اسپیکر نے عمران خان کے حالیہ دورہ ایران میں ان کے پرتپاک استقبال کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات بڑھانے کے لئے پر عزم ہیں.اسد قیصر نے علی لاریجانی کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی تعاون بڑھ جائے گا.