فلسطینی رہنماؤں سے وزیرخارجہ ظریف کی ٹیلی فونی گفتگو
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے حماس کے سربراہ اور اسی طرح جہاد اسلامی فلسطین کے سکریٹری جنرل سے الگ الگ ٹیلی فونی گفتگو میں سینچری ڈیل کی مخالفت میں فلسطینی قوم اور رہنماؤں کے موقف کی حمایت کا اعلان کیا ہے
وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے بدھ کو فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سے ٹیلی فونی گفتگو میں ٹرمپ کے غیر انسانی اور شرمناک منصوبے کی مذمت کرتے ہوئے صدی کی اس بڑی سازش کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لئے فلسطینی گروہوں اور دنیا کی حریت پسند اقوام اورحکومتوں کے درمیان اتحاد و یگانگت پر زور دیا -
اسماعیل ہنیہ نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو میں سینچری ڈیل کے مقابلے میں فلسطینی گروہوں کے اتحاد اور فلسطینی قوم کی جد وجہد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کےغاصبانہ قبضے کے خلاف استقامی گروہ اور فلسطینی قوم پرعزم ہے-
ایران کے وزیرخارجہ نے فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے سکریٹری جنرل زیاد نخالہ سے بھی ٹیلی فونی گفتگو میں صیہونی حکومت کے خلاف فلسطینیوں کی جد وجہد کے لئے ایران کی حمایت کا ایک بار پھراعادہ کیا اور کہا کہ اسلامی ملکوں کو چاہئے کہ وہ امریکا کے اس شیطانی منصوبے کے مقابلے میں پوری طرح متحد ہوجائیں -