ایران، ٹرمپ کے خلاف جنرل سلیمانی کے قتل کا کیس دائر کرے گا : جواد ظریف
Feb ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۷:۰۶ Asia/Tehran
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران امریکی صدر پر ریاستی و اقتصادی دہشتگردی کے جرم میں مقدمہ دائر کرے گا۔
ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے المیادین ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کر کے علاقے میں اپنی فوجی موجودگی کا خاتمہ کر لیا ہے اور ایران، امریکی صدر ٹرمپ پر عالمی عدالت میں مقدمہ دائر کرے گا۔
جواد ظریف نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کی تشییع جنازہ میں لاکھوں افراد کی شرکت امریکی حکومت کے چہرے پر زور دار طمانچہ تھی اور اس کے اثرات مغربی ایشیاء کے علاقے سے امریکی فوجیوں کے باہر نکلنے تک جاری رہیں گے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے امریکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمھیں فوجی کمانڈر کا مقابلہ میدان جنگ میں کرنا چاہئے تھا، بزدلانہ کارروائی کے ذریعے قتل نہیں کرنا چاہیے تھا اگر چہ امریکی اور صیہونی حکومت ہمیشہ اسی طرح کی کارروائی کرتی ہے۔
ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ امریکی حکومت نےسینچری ڈیل کی رونمائی کر کے ثابت کردیا کہ تاریخ میں اس کی جاہ طلبی صیہونیوں کی جاہ طلبی سے زیادہ رہی ہے اور ٹرمپ نے ثابت کردیا کہ وہ کسی بھی مسئلے کے حل میں ثالثی نہیں کر سکتے۔