اسپیکر لاریجانی نے ہندوستان میں مسلمانوں کے خلاف تشدد کی مذمت کی
Mar ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۶:۳۰ Asia/Tehran
ایران کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے ہندوستان میں مسلمانوں کے قتل عام پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
جمعرات کو اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر علی لاریجانی نے حکومت ہندوستان پر زور دیا کہ وہ موجودہ کشیدگی کو پرامن طریقے سے ختم کرانے کے لیے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمان ہندوستانی سماج کا حصہ ہیں اور اس ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ایران کے اسپیکر نے کہا کہ ہندوستان میں نئے شہریت قانون سے جو تصور ابھرا ہے وہ یہ ہے کہ یہ قانون مسلمانوں کے لیے مشکلات پیدا کرے گا، جس کی وجہ سے مسلمانوں میں خاصی بے چینی پائی جار ہی ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ ہندوستان مختلف نسلوں، زبانوں، مذاہب اور ثقافتوں کا حامل ملک ہے لہذا اس قسم کے مسائل اور مشکلات ہندوستان کی تہذیبی اور ثقافتی روح کے منافی ہیں۔
ایران کے اسپیکر نے تہران اور نئی دہلی کے درمیان تعلقات کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں آباد تمام قومی اور مذہبی گروہوں کے درمیان ڈائیلاگ اور بھائی چارے کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔