Mar ۲۳, ۲۰۲۰ ۲۰:۱۴ Asia/Tehran
  • ایران میں ساڑھے تین کروڑ سے زائد افراد کی کورونا اسکریننگ مکمل

ایران کے نائب وزیر صحت نے کہا ہے کہ اب تک ملک بھر میں ساڑھے تین کروڑ سے زیادہ لوگوں کی کورونا اسکریننگ کی جا چکی ہے۔

اتوار کی شام روزانہ کی پریس بریفنگ دیتے ہوئے ایران کے نائب وزیر صحت علی رضا رئیسی نے بتایا ہے کہ کورونا کے خلاف مہم کے پہلے سات روز کے دوران تین کروڑ ستاون لاکھ لوگوں کی اسکریننگ کی گئی جن میں سے ستر لاکھ لوگوں کی اسکریننگ ویب سائٹ کے ذریعے جبکہ دو کروڑ اٹھائیس لاکھ لوگوں کی صورتحال کا ٹیلی فون کے ذریعے جائزہ لیا گیا۔
ادھر ایران کے پاستور ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں روزانہ دس ہزار افراد کے کورونا ٹیسٹ انجام دیئے جا رہے ہیں اور ملک کا محکمہ صحت کورونا کے پہلے مرحلے میں ہی اس کے مقابلے کے لیے خود کو تیار کرچکا تھا۔
ایک پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے پاستور انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر علی رضا بیگلری کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس کے ابتدائی کیس سامنے آنے کے بعد ہم نے ٹیسٹ لیب کے قیام کے لیے اپنی آمادگی ظاہر کر دی تھی اور پہلے مرحلے میں ملک کے دو شہروں قم اور اراک میں کورونا ٹیسٹ لیب قائم کردی گئی تھیں۔
درایں اثنا حکومت ایران کے انسدادی اور معالجاتی اقدامات کے ساتھ مسلح افواج کے تعاون نے کورونا کے مریضوں کی قبل از وقت تشخیص، ان سے رابطے میں رہنے والے افراد کا پتہ لگانے، مریضوں کو قرنطینہ کرنے اور ان کے علاج کی مہم بھی تیزی کے ساتھ جاری ہے اور اس سلسلے میں ایران کے عوام متعلقہ اداروں سے بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس میں اتوار کی دو پہر تک اکیس ہزار چھے سو اڑتیس افراد مبتلا ہوچکے تھے جن میں سے سات ہزار نو سو تیرہ افراد صحت یاب ہوکر گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ اتوار کی دو پہر تک کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار چھے سو پچاسی ہو گئی تھی۔ 
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے امریکہ کی غیر قانونی پابندیوں کے خاتمے کی عالمی تحریک کی قدردانی کرتے ہوئے امریکہ کو کورونا وائرس کے خلاف مہم میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا ہے۔ 
اپنے ایک ٹوئٹ میں وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے لکھا ہے کہ دنیا میں پابندیوں کے خلاف عملی اور اخلاقی اقدامات کی انجام دہی، وقت کی ضرورت ہے اور امریکہ کی اجتماعی تنبیہ اور اس کے خلاف ڈٹ جانا ہی بحرانِ کورونا کے حل کا واحد راستہ ہے۔ 
قبل ازیں ایران کے وزیر خارجہ نے اتوار کی شام پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے جہاں اسلام آباد کی جانب سے تہران کی حمایت کی قدر دانی کی تھی وہیں اس مہلک بیماری کے خلاف علاقے میں ملکوں کے درمیان تعاون کی راہوں کا جائزہ بھی لیا تھا۔ 
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر اپنے ملک کی ان کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے جو وہ ایران کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ پابندیاں ختم کرانے کی غرض سے انجام دے رہا ہے، پاکستانی زائرین کے لیے ایران کی انسداد کورونا کمیٹی کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کا شکریہ ادا کیا تھا۔ 
ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد، پاکستان، ترکی، روس اور چین سمیت دنیا کے بہت سے ملکوں کی جانب سے ایران کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ اور غیر قانونی پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ 
امریکہ کی غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیوں کی وجہ سے ایران کو نہ صرف ضروری اشیا بلکہ دواؤں اور میڈیکل آلات کی خریداری میں بھی مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا ہے اور اس صورتحال نے مختلف بیماریوں اور خاص طور سے کورونا وائرس کے مقابلے میں ایرانی عوام کی سلامتی کو خطرے سے دوچار کر رکھا ہے۔ 
امریکہ نے ایران کے خلاف ظالمانہ اور غیر قانونی پابندیوں کے خاتمے کے عالمی مطالبات کے باوجود پچھلے دنوں چند دیگر ایرانی کمپنیوں اور عہدیداروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ 

 

ٹیگس