عوامی اسکریننگ، دواسازی، بائیولوجیکل مشقیں، سبھی شامل ہیں انسداد کورونا مہم میں
Mar ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۷:۵۰ Asia/Tehran
ایران میں کورونا کا بحران، صحت سے متعلق مسلح افواج کی علمی توانائیوں اور آگہی میں اضافے کا باعث بنا ہے۔
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے اتوار کو امام رضا علیہ السلام ہیلتھ اینڈ ٹریٹمنٹ ہیڈکوارٹر میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے کورونا کے مریضوں کے لیے مزید چار ہزار بیڈ مہیا کردیئے ہیں اور فوج کے زیر انتظام چلنے والے اسپتالوں کے مزید تین ہزار خالی بیڈ بھی کورونا کے مریضوں کو ایڈمٹ کرنے کے لیے آمادہ ہیں۔
جنرل محمد باقری نے بتایا کہ عوامی رضاکار فورس کے تربیت یافتہ عملے کے ذریعے ملک بھر میں کورونا اسکریننگ کے عظیم منصوبے پر بھی عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور اب تک اٹھاون ملین یعنی پانچ کروڑ اسی لاکھ شہریوں کی اسکریننگ مکمل کی جا چکی ہے۔ انہوں نے آئندہ چند روز کے اندر اندر پوری آبادی کی کورونا اسکریننگ مکمل کرلی جائے گی۔
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کورونا وائرس کے خلاف قومی مہم میں مسلح افواج کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی رضاکار فورس کے سات لاکھ جوان بھی کورونا کے خلاف قومی مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلح افواج اور عوامی رضارکار فورس کے جوان بائیولوجیکل دفاعی مشقوں کے تحت ملک بھر میں صفائی ستھرائی اور اسپرے کے کام میں مصروف ہیں اور اب تک مختلف صوبوں میں تین ہزار مقامات پر مخصوص اسپرے کیا جا چکا ہے۔
ایران میں کورونا وائرس کا آغاز ہوتے ہی صحت، صنعت، نالج بیس کمپنیوں، مسلح افواج اور عوامی رضاکار فورس بسیج کے جوانوں نے انسداد کورونا وائرس نیشنل ہیڈکوارٹر کے پرچم تلے کووڈ نائنٹین کے خلاف بھرپور جنگ شروع کردی تھی تاکہ اس موذی وائرس کے مقابلے میں عوام کی جانوں کو بچایا جا سکے۔
ایران نے ابتدائی ایام میں ہی علاج اور تحقیق جیسے اہم شعبوں میں اپنی بھرپور توانائیوں سے کام لینا شروع کردیا تھا جس میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے کٹ، دواؤں اور ویکسین کی تیاری کا عمل بھی شامل تھا۔
اس عرصے میں ایران نے مقامی سطح پر کورونا وائرس کی دو طرح کی کٹس تیار کرلی ہیں اور جن میں سے ایک اس وقت مارکیٹ میں دستیاب ہے اور اسے کورونا وائرس کے مریضوں کی تشخیص کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کٹ کی مدد سے محض دوگھنٹے میں مریض میں کورونا وائرس کی موجودگی کا پتہ لگایا جاسکتا ہے۔
ترکی، عراق اور شام سمیت دنیا کے مختلف ملکوں نے ایران کی تیار کردہ کورونا ٹیسٹ کٹ حاصل کرنے کے لیے رابطے بھی شروع کر دیئے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران نے مذکورہ ٹیسٹ کٹ برآمد کرنے کے لیے اپنی آمادگی کا پہلے ہی اعلان کر دیا ہے۔
ایران میں کورونا وائرس کی دوا اور ویکسین کی تیاری کے لیے تحقیقی کام بھی تیزی کے ساتھ جاری ہے جبکہ ملک میں اسٹیم سیل کی مدد سے بھی کورونا وائرس کے علاج کے منصوبے پر کام کیا جارہا ہے جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔