Apr ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۲ Asia/Tehran
  • کرونا وائرس تمام ملکوں کے لئے ایک کارآمد آزمائش ہے: صدر مملکت

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی بیماری تمام ملکوں کے لئے ایک کارآمد آزمائش ہے۔

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کے روز کابینہ کے اجلاس میں کہا ہے کہ کرونا وائرس پھیلنے کے بعد تمام ملکوں کی جانب سے اس بیماری پر قابو پانے، اس کا علاج دریافت کرنے، اس وائرس میں مبتلا افراد کو مختصر مدت میں ٹھیک کرنے نیز اس وائرس پر کنٹرول پانے کے سلسلے میں بھرپور مقابلے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران میں طبی عملے کی جانب سے اس وائرس کو کنٹرول کرنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں مزید کوششیں شروع ہو چکی ہیں۔

 صدر مملکت نے کہا کہ سینیٹائزر بنانے سمیت اس وائرس سے بچانے والے تمام آلات و وسائل تیار کرنے کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران نہ صرف خودکفیل ہو چکا ہے بلکہ وہ ان تمام وسائل کو برآمد کرنے کی توانائی بھی رکھتا ہے۔

ایران کے صدر نے تیل کی منڈیوں کی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جس ملک کا بھی تیل پر انحصار زیادہ رہا ہے اسے موجودہ صورت حال میں زیادہ سختیوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ چاہتے یا نہ چاہتے ہوئے اور خاص طور سے دشمنوں کے ایران مخالف عزائم کی بنا پر تیل پر ایران کا انحصار بہت کم ہو چکا ہے جس کی بنا پر اسلامی جمہوریہ ایران کو زیادہ نقصانات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج امریکیوں کو تیل نکالنے، بے روزگاری کا سد باب کرنے اور بیماری کا علاج و معالجہ کرنے میں بہت زیادہ مسائل و مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب یہی امریکی خود کو دنیا میں سب کچھ سمجھتے تھے مگر آج امریکہ اُن گنے چنے ملکوں میں شامل ہے جنہیں کرونا وائرس کے مقابلے میں بالکل بے بسی کا سامنا ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے موجودہ عالمی حالات میں ایران کی اقتصادی صورت حال کو اطمینان بخش قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ کرونا وائرس کی مشکل سے چھٹکارہ پانے کے بعد ایران کی اقتصادی ترقی مزید تیزی کے ساتھ جاری رہے گی۔

دریں اثنا امریکی دھمکیوں کے مقابلے میں ایران کی پارلمینٹ کی تشکیل پانے والی ایکشن کمیٹی نے کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں مشترکہ عالمی شراکت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایران کی پارلیمنٹ کی اس کمیٹی نے بین الپارلیمانی عالمی یونین کے سیکریٹری جنرل مارٹن چون گونگ اور ایشیائی پارلیمانی فورم کے سیکریٹری جنرل محمد رضا مجیدی کے نام اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ کرونا وائرس جیسی عالمی وبائی بیماری کے باوجود، دنیا کے بعض ملکوں اور قوموں کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ پابندیاں جاری ہیں۔

اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ یہ بات نہایت قابل افسوس ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ادیان الہی کی تعلیمات اور انسانی حقوق کے اصول کے برخلاف رویہ اختیار کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کی مالی امداد بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔

امریکی دھمکیوں کے مقابلے میں ایران کی پارلمینٹ کی قائم ایکشن کمیٹی نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ کسی بھی ملک یا حکومت کی جانب سے  کرونا جیسے خطرناک وائرس کا صرف اپنے بل بوتے پر مقابلہ کرنا ممکن نہیں ہے۔

بین الپارلیمانی عالمی یونین کے سیکریٹری جنرل مارٹن چون گونگ اور ایشیائی پارلیمانی فورم کے سیکریٹری جنرل محمد رضا مجیدی کے نام اپنے پیغام میں امریکی دھمکیوں کے مقابلے میں ایران کی پارلمینٹ کی تشکیل شدہ ایکشن کمیٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ موجودہ صورت حال میں حکومت امریکہ کی غیر انسانی پالیسیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے عمل میں لائے جانے والے موثر اقدام سے کرونا وائرس پر قابو پانے اور دنیا کے لاکھوں کروڑوں انسانوں کی جان بچانے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے میں بہت مدد ملے گی۔

ٹیگس