Apr ۲۳, ۲۰۲۰ ۱۸:۳۷ Asia/Tehran
  • خلیج فارس کو بد امن نہیں ہونے دیں گے: سپاہ پاسداران

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا ہے کہ خلیج فارس میں ہر قسم کی امریکی مہم جوئی اور تخریبی اقدامات کا پوری قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے جزائر ابو موسی اور تنب بزرگ و تنب کوچک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جنرل سلامی نے کہا کہ خلیج فارس کی سیکورٹی ایران کی سیکورٹی کو یقینی بنائے رکھنے کی  ایک بنیادی اسٹریٹیجی ہے  اور اس علاقے میں بدامنی پیدا کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

سپاہ پاسداران کے کمانڈر انچیف نے کہا کہ ہم امریکیوں پر یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ایران اپنی قومی سلامتی، سمندری حدود، بحری جہاز رانی اور اپنی دفاعی فورسز کی سیکورٹی اور تحفظ کے لئے پوری طرح سے پرعزم ہے اور ہر طرح کے تخریبی اقدامات کا بھرپور جواب دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سپاہ کی بحریہ کے یونٹ کو حکم دے دیا ہے کہ اگر امریکی دہشتگردوں کے جنگی بحری جہاز ایران کے جنگی یا غیر جنگی بحری جہازوں کے لئے خطرہ پیدا کرنے کی کوشش کریں تو ان پر حملہ کر دیں-

سپاہ پاسداران کے کمانڈر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کی خلائی کامیابیوں پر سیخ پا ہوتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے امریکی بحریہ کے دہشتگردوں کو یہ حکم دے دیا ہے کہ وہ امریکی جنگی بحری جہازوں کا راستہ روکنے والے ایرانی جہازوں کو نشانہ بنائیں۔

سپاہ کے کمانڈر نے ایران کے نور سیٹلائٹ کے کامیابی کے ساتھ خلامیں تعینات ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم بحری بری اور فضائی دفاع کے لئے  ہر طرح کی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سپاہ پاسداران ہر روز جدید ترین ہتھیار تیار کر رہی ہے اور یہ عمل جاری رہے گا۔ 

ٹیگس