خطے میں اسلحے کی دوڑ، امریکہ کی دین ہے: تخت روانچی
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب تخت روانچی نے امریکہ کو مغربی ایشیا میں اسلحوں کی دوڑ کا عامل قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے اپنے ٹوئٹ میں دنیا کے ممالک کے فوجی بجٹ کے بارے میں اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ دنیا میں سب سے زیادہ امریکہ کا فوجی بجٹ ہے جو سات سو بتیس ارب ڈالر تک پہونچتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ امریکہ کا فوجی بجٹ اس کی خام ملکی پیداوار ڈی جی پی کا تین اعشاریہ چار فیصدی ہے۔ تخت روانچی نے مزید کہا کہ سعودی عرب کا فوجی بجٹ اکسٹھ ارب نو سو ملین ڈالر ہے جو اس کی ڈی جی پی کا آٹھ فیصدی ہے اور اس طرح فوجی بجٹ کے لحاظ سے وہ دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا فوجی بجٹ بارہ ارب چھے سو ملین ڈالر ہے جو اس کی قومی پیداوار کا صرف دواعشاریہ تین فیصد ہے اور دنیا میں اٹھارہویں نمبر پر ہے۔
تخت روانچی نے کہا کہ اس لحاظ سے پوری طرح واضح ہے کہ علاقے میں کون اسلحے کی دوڑ کا باعث ہے۔ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق دو ہزار انیس میں دنیا میں سب سے بڑا فوجی بجٹ بالترتیب امریکہ ، چین ، ہندوستان، روس اور سعودی عرب کا تھا۔