عالمی جوہری ایجنسی کو امریکہ کا کھلونا نہیں بننا چاہئیے: ایران
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم عالمی جوہری توانائی ایجنسی کو امریکہ کے ذریعے تباہی کا آلہ کار نہیں بننے دیں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ماسکو کے دورے کے موقع پر اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ حکومت بین الاقوامی معاہدوں اور تنظیموں سے علیحدہ ہونے کی عادی ہو گئی ہے لیکن ہم عالمی ایٹمی ایجنسی کو ٹرمپ کے ذریعے ایران جوہری معاہدے کی تباہی کا آلہ کار نہیں بننے دیں گے۔
محمد جواد ظریف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ آئی اے ای اے کے ساتھ صاف اور شفاف طریقے سے تعاون کیا ہے اور جوہری ادارے کی رپورٹوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ایران نے اپنی تمام ذمہ داریوں کو پورا کیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم ایران کو اس تفتیش کا نشانہ نہیں بننے دیں گے جس کی دستاویزات جاسوسوں کے دعووں پر مبنی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اگر عالمی جوہری توانائی ادارے کو غیر معقول طریقے سے استعمال کرنے کی کوشش کی گئی تو پھر ایران اس سے مناسب طریقے سے نمٹے گا۔
محمد جواد ظریف نے کہا کہ بہت افسوس کی بات ہوگی اگر اقوام متحدہ اور عالمی جوہری ادارے کے سیکٹریٹ جوہری معاہدے کی تباہی کے راستے پر گامزن ہو جائیں۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جوہری معاہدے کے حوالے سے امریکہ کے کردار پر کڑی نکتہ چینی کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف ہتھیاروں کی پابندی کی مدت بڑھانے کیلئے امریکہ کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔