ایرانی کیپٹنز کے خلاف امریکی پابندیاں غیر موثرہیں، ایرانی وزیربرائے پٹرولیم
ایران کے وزیر پٹرولیم نے ایرانی جہازرانی کے پانچ کیپٹنز کے خلاف پابندیوں سے متعلق امریکی اقدام کو غیر موثر قرار دیا ہے۔
ایران کے وزیر پٹرولیم بیژن نامدار زنگنہ نے جمعے کے روز امریکہ کی جانب سے ایرانی جہازرانی سے متعلق آئل ٹینکروں کے کیپٹنز کے خلاف عائد کی جانے والی پابندیوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے ان پانچ ایرانی کیپٹنز کو مرعوب کرنے میں ناکام ہوجانے کے بعد ان کے خلاف پابندیاں عائد کردی ہیں لیکن یہ پابندیاں بھی غیر موثر واقع ہوں گی۔ انھوں نے وینزوئیلا کے لئے ایران کی جانب سے پٹرولیم برآمدات جاری رکھنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور وینزویلا کے درمیان خوشگوار باہمی تجارتی تعاون کا سلسلہ جاری ہے وینزویلا کے لئے پٹرول کی برآمدات کا جاری پروگرام دونوں ملکوں کے مذاکرات کے نتائج کا حصہ ہے۔
امریکہ کے وزیر خزانہ اسٹیون منوچین نے ایک بیان میں وینزوئیلا کے لئے ایران کی حمایت کی روک تھام میں اپنے ملک کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وینزیلا کے لئے ایرانی پٹرول کی برآمدات میں شامل پانچ ایرانی کیپٹنوں کے نام امریکی پابندیوں سے دوچار افراد کی فہرست میں شامل کرلئے۔
ایران اپریل کے مہینے سے اب تک وینزوئیلا کی حکومت اور قوم کی حمایت میں کہ جنھیں امریکی پابندیوں کا سامنا ہے، تقریبا پندرہ لاکھ بیرل پٹرول کے حامل تیل بردار پانچ بحری جہازوں کو روانہ کر چکا ہے تاکہ جنوبی امریکہ کے اس ملک میں پٹرول کی کمی واقع نہ ہو۔