Aug ۱۰, ۲۰۲۰ ۲۱:۴۸ Asia/Tehran
  • سلامتی کونسل ایک بار پھر امریکہ کی یکطرفہ پالیسیوں کو مسترد کرے: ایران

اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے ایران پر ہتھیاروں کی پابندی کے سلسلے امریکی قرارداد پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کو ایک پھر امریکہ کی منہ زوری اور یکطرفہ پالیسیوں کو مسترد کر دینا چاہیے۔

مجید تخت روانچی نے پیر کے روز واشنگٹن کی جانب سے سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر بائیس اکتیس کی خلاف ورزی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ہے کہ امریکہ، ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں کی مدت میں توسیع پر مبنی اپنی غیر قانونی قرارداد کے لیے حمایت حاصل کرنے کی غرض سے ایرانوفوبیا اور دھمکیوں کا سہارا لے رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا ہے کہ سلامتی کونسل کو ایک بار پھر، امریکہ کی منہ زوری اور یکطرفہ پالیسیوں کو مسترد کر دینا چاہیے جس طرح اس نے اس قرارداد کو پیش کیے جانے کے وقت کیا تھا۔

واضح رہے کہ ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں کی مدت میں توسیع کے لیے امریکہ کی مجوزہ قرارداد پیر کے روز سلامتی کونسل میں پیش کی جائے گي اور کونسل کے رکن ممالک کے پاس اس سلسلے میں اپنی رائے ظاہر کرنے کے لیے چوبیس گھنٹوں کا وقت ہوگا۔ امریکہ نے تیس جون کو اس قرارداد کا مسودہ پیش کیا تھا لیکن اسے بری طرح سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا اور سلامتی کونسل کے اراکین نے اس مسودے کو مسترد کر دیا تھا۔

ٹیگس