Aug ۱۵, ۲۰۲۰ ۱۸:۴۹ Asia/Tehran
  • ابوظہبی تل ابیب معاہدہ اسٹریٹیجک غلطی، تاریخی حماقت اور امت اسلامیہ سے غداری ہے: سپاہ پاسداران

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے سمجھوتے کی مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو ایک اسٹریٹیجک غلطی، تاریخی حماقت اور امت مسلمہ کے دل میں زہرآلود خنجر گھونپنے سے تعبیر کیا ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ہفتے کو ایک بیان جاری کیا ہے جس میں متحدہ عرب امارات اور صیہونی حکومت کے درمیان تعلقات کی بحالی پر کڑی نکتہ چینی کی گئی ہے۔ بیان میں آیا ہے کہ یہ اقدام قابل مذمت ہے اور اس سے نہ صرف یہ کہ امریکہ، صیہونی حکومت اور آل سعود مثلث کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا بلکہ اس کے بر خلاف اس کا نتیجہ بچوں کی قاتل صیہونی حکومت کی تباہی و بربادی اور فلسطینیوں کے مسلمہ حقوق کی بحالی کی شکل میں سامنے آئےگا۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اس اسٹریٹیجک حماقت اور اندازے کی غلطی کو امارات کے اسرائیلی سامراج کے زیرتسلط چلے جانے کے پیش خیمے سے تعبیر کیا۔ بیان میں آیا ہے کہ امت اسلامیہ کی مشترکہ امنگوں سے متحدہ عرب امارات کی کھلی خیانت نے اس ملک کے حکمرانوں کو منفور بنا دیا ہے اور ان کے خلاف عالم اسلام اور فلسطین کی مظلوم قوم کے حامی محاذ میں غم و غصہ اور نفرت کی لہر دوڑ گئی ہے جو انہیں فلسطینی شہداء کے مقدس خون سے خیانت کرنے والوں کے انجام سے دوچار کر دے گی۔

سپاہ پاسداران کے اس بیان میں متحدہ عرب امارات کے حکام کو اس پست اقدام پر نظرثانی کرنے اور فلسطین کی مظلوم و پر عزم قوم کی حمایت میں متحدہ عرب امارات کی مسلمان قوم کے عزم و ارادے کا احترام کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے مزید کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے حکام جلد یا بدیر اپنے ملک کے عوام کے بھرپور اور عبرت ناک ردعمل کا انتظار کریں۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے کہا کہ امریکہ اور ابوظہبی و تل ابیب شرمناک سمجھوتے کے علاقائی اور غیر علاقائی حامی یہ جان لیں کہ اس پست اقدام سے صیہونی حکومت کے مفاد پورے نہیں ہوں گے اور ان کے خیال خام کے برخلاف جدید مشرق وسطی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہ ہو سکے گا۔ بیان میں متحدہ عرب امارات کو خبردار کیا گیا ہے کہ  اس کے اقدام سے شیشے کے محلوں کے باسیوں کے لئے خطرناک مستقبل رقم ہوگا۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link (11) : https://chat.whatsapp.com/BWheYzgo6g14jMJDBW62qg

 

ٹیگس