Sep ۰۲, ۲۰۲۰ ۱۰:۴۱ Asia/Tehran
  • ویانا میں رافائل گروسی اور سید عباس عراقچی کی ملاقات

رافائل گروسی اور سید عباس عراقچی نے منگل کے روز ویانا میں منعقدہ جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے 16 وین اجلاس کے اختتام پر ملاقات کی۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عالمی جوہری ادارے کے سربراہ رافائل گروسی نے ویانا میں نائب ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے ساتھ حالیہ ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا۔

اس موقع پر دونوں فریقین نے گروسی کے حالیہ دورہ ایران کے موقع پر آئی اے ای اے اور ایران کے درمیان مشترکہ بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے باہمی مفاہمت پرخوشی کا اظہار کیا اور ایران اور عالمی جوہری ادارے کے درمیان نیک نیتی سے تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا۔

اس ملاقات میں ویانا کی بین الاقوامی تنظیموں میں تعینات ایران کے مستقل مندوب کاظم غریب آبادی بھی شریک تھے۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور عالمی ایٹمی ایجنسی نے گزشتہ ہفتے رافائل گروسی کے دو روزہ دورہ ایران کے اختتام کے بعد ایک مشترکہ بیان جاری کیا تھا۔ بیان کے مطابق، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی اور اسلامی جمہوریہ ایران نے 16 جنوری 2016 سے عارضی طور پر ایران میں نافذ کردہ جوہری سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے معاہدے اور ایڈیشنل پروٹوکول کے مکمل نفاذ میں آسانی پیدا کرنے کیلئے اپنے تعاون کو مزید فروغ دینے اور باہمی اعتماد کو بڑھانے سے اتفاق کیا تھا۔

ٹیگس