ایران علاقے میں دہشتگروں کی موجودگی کو برداشت نہیں کرے گا
اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ اپنی سرحدوں کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرے گا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے پیر کو اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ تہران کو علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی پر بدستور تشویش لاحق ہے کہا کہ اس مسئلے سے نہ صرف باکو اور ایروان کو بلکہ دوسرے ممالک کے دارالحکومتوں کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے اور تہران کسی بھی صورت میں اپنی شمالی یا کسی بھی دوسری سرحد کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی کو برداشت نہیں کرے گا اور اس مسئلے پر تہران کسی سے بھی رعایت نہیں برتے گا ۔
ترجمان وزارت خارجہ خطیب زادہ نے قرہ باغ کے بحران کے حل کے لئے ایران کے منصوبے اور جمہوریہ آذربائیجان اور آرمینیا کے جواب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ ہفتے اس تنازعے کے حل کے لئے کوئی قدم اٹھایا جائےگا۔
انہوں نے اس سوال کے جواب میں کہ امریکی حکام دعوی کرتے ہیں کہ ایران ، روس اور چین امریکہ کے صدارتی انتخابات میں مداخلت کر رہے ہیں کہا کہ تاریخ سے ثابت ہے کہ کون ملک، دوسرے ممالک کے امور میں مداخلت کر کے بغاوت کراتا ہے اور ملکوں کے حکمرانوں کو تبدیل اور دوسرے ممالک میں اپنے جاسوس بھیجتا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ تہران کو امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت میں کوئی دلچسپی نہیں ہے کہا کہ یہ امریکی عوام ہیں جنھیں اپنے صدر کو منتخب کرنا ہے۔