ایران کے لئے امریکی وعدے نہیں، عمل اہم ہے: جواد ظریف
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے امریکہ کے صدارتی امیدواروں کے وعدے نہیں بلکہ عمل اہمیت رکھتا ہے۔
فارس نیوز کے مطابق ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے سی بی ایس چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران ڈونلڈ ٹرمپ اور جوبائیڈن میں سے کسی کو ترجیح نہیں دیتا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ ایران کے سلسلے میں اپنے تخریبی اقدامات کا سلسلہ روک دیتا ہے تو اُس وقت معاملہ قطعِ نظر اس کے کہ وائٹ ہاؤس کون پہونچتا ہے، مختلف ہو جائے گا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ اب دوبارہ امریکہ کے ساتھ جامع ایٹمی معاہدے کے حوالے سے کسی قسم کے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ جواد ظریف نے کہا کہ امریکی پابندیوں نے ایران کو متاثر ضرور کیا مگر اُس سیاسی تبدیل کا سبب نہیں بنیں جو امریکہ کے مد نظر تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جوبائیڈن کو بھی معلوم ہے کہ اگر وہ بھی صدارتی انتخابات میں کامیاب ہو جاتے ہیں، تب بھی ایران جامع ایٹمی معاہدے کے حوالے سے کوئی مذاکرات نہیں کرے گا۔
انہوں نے صدارتی انتخابات میں ایران کی مداخلت کے امریکی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ خود امریکی صدر وہ شخص ہیں جو امریکہ کے انتخابی نظام کی خوب دھجیاں اڑاتے ہیں اور اُس پر معترض ہیں۔