Jan ۱۹, ۲۰۲۱ ۰۹:۵۸ Asia/Tehran
  • ایران علاقائی تعاون، گفتگو اور سفارتکاری کا ہمیشہ قائل رہا ہے: سفیر ایران

تہران اختلافات کے حل کے لئے ہمیشہ علاقائی تعاون اور گفتگو کے درپے رہا ہے اور وہ ہمیشہ سفارتکاری اور پر امن طور طریقوں پر زور دیتا ہے۔ یہ بات پاکستان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے کہی۔

سید محمد علی حسینی نے سرکاری ٹی چینل پی ٹی وی کے ساتھ گفتگو میں ایران کی جانب سے پیش کئے گئے ہرمز امن منصوبے کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ منصوبہ امن و صلح کے قیام اور اختلافات کے حل کے لئے سفارتکاری اور مذاکرات کے مقصد سے پیش کیا گیا ہے۔

سفیر ایران نے تہران اسلام آباد تعلقات کے برادرانہ تعلقات کو علاقائی ممالک کے لئے ایک مثال بتاتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سیاسی مقاصد کے علاوہ بھی بہت سے شعبوں میں قربت و یکسانیت پائی جاتی ہیں۔

محمد علی حسینی نے اپنی اس گفتگو میں امریکہ کی ٹرمپ انتظامیہ کو ایران کے خلاف جاری ریاستی دہشتگردی کا اصل ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ امریکہ کے نو منتخب صدر جوبائیڈن کو ٹرمپ کے غلط فیصلوں کی بنا پر ایران کو پہونچنے والے نقصانات کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی جامع ایٹمی معاہدے کے تحت کئے گئے وعدوں کو عملی شکل دینے کے لئے قدم بڑھانا ہوگا۔

انہوں نے خطے میں امریکہ اور غاصب صیہونی ٹولے کی جانب سے انجام پانے والے بعض اشتعال انگیز اقدامات پر تبصرہ کرتے ہوئے واضح کیا اگر ان کی جانب سے کوئی خطا سرزد ہوئی تو اسلامی جمہوریہ ایران اُس کا فوری اور دنداں شکن جواب دے گا۔ 

ٹیگس