Jan ۲۷, ۲۰۲۱ ۰۹:۵۶ Asia/Tehran
  • علاقے کی سلامتی سے متعلق صرف علاقائی ممالک کے ساتھ گفتگو کی جائے گی : ایران

ایران کے وزیر خارجہ کے سیاسی معاون سید عباس عراقچی نے جو کویت کے دورے پر ہیں کویت کے وزیر خارجہ شیخ احمد ناصر المحمد الصباح سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ، علاقائی مسائل اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نائب ایرانی وزیر خارجہ برائے سیاسی امور  سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران، جوہری معاہدے کے نفاذ کے بغیر دوسرے کسی موضوع پر 1+5 ممالک سے مذاکرات نہیں کرے گا اور ہم خلیج فارس کے علاقے کی سلامتی کی صورتحال سے متعلق صرف اور صرف خطے کے ممالک اور غیرملکی مداخلت کے بغیر مذاکرات کریں گے۔

اس موقع پر انہوں نے خلیج فارس کے ممالک کے درمیان امن برقرار رکھنے کیلئے کویت کی کوششوں کی قدردانی کرتے ہوئے اجتماعی سلامتی کے حصول میں مذاکرات اور بیرونی مداخلت  کے بغیر مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔

سید عباس عراقچی نے کہا کہ علاقے میں امن و سلامتی کا قیام صرف خطے کے ممالک کے ذریعے اور غیر ملکی عدم مداخلت سے ممکن ہوگا۔

نائب ایرانی وزیر خارجہ برائے سیاسی امور نے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی اور علاقائی شعبوں میں مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کا ملک کویت سے تعلقات کی مضبوطی کیلئے پختہ عزم رکھتا ہے۔

اس موقع پر کویت کے وزیر خارجہ احمد ناصر المحمد الصباح نے بھی باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے خطے کے ممالک کے درمیان مذاکرات کو اختلافات کے حل کا واحد راستہ قرار دیا۔

انہوں نے مختلف شعبوں میں ایران اور کویت کے درمیان تعلقات کے فروغ میں دلچسبی کا اظہار کیا۔

ٹیگس