ہندوستان کی حکومت اور عوام سے ایران کی حکومت کا اظہار ہمدردی
ایران نے ہندوستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے باعث ہوئے جانی نقصان پر ہندوستانی حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ہندوستان کی ریاست اتراکھنڈ میں ہمالیائی گلیشیئر ٹوٹ جانے کے بعد آنے والے تباہ کن سیلاب پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ہندوستانی حکومت اور عوام خاص طور سے اس حادثے کا شکار ہونے والوں کے اہل خانہ اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
شمالی ہندوستان میں ہمالیائی گلیشیئر اور ڈیم ٹوٹنے کے بعد آنے والے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں درجنوں گاؤں زیر آب آ گئے ہیں اور ڈیڑھ سو کے قریب لوگوں کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اب تک قریب ایک سو ستر افراد لاپتہ ہیں۔
ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریاست اتراکھنڈ کے علاقے چمولی میں رشی گنگا ڈیم پروجیکٹ پر دریا میں گلیشیئر ٹوٹنے اور پہاڑیوں کا ملبہ گرنے سے خطرناک سیلابی صورتِ حال پیدا ہوگئی ہے۔ سیلاب میں درجنوں مکانات بہہ گئے ہیں اور دریا میں طغیانی سے رشی گنگا پاور پروجیکٹ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ڈیڑھ سو افراد کے اس حادثے میں ہلاک ہو جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ ریسکیو آپریشن کے دوران کم از کم دس جنازوں اور متعدد افراد کو زندہ ملبے اور گارے مٹی کے تلے سے باہر کھینچا جا چکا ہے۔