امریکہ کا ایک اور سرکش صدر تاریخ کے کوڑے دان میں چلا گیا جبکہ ایران پوری آب وتاب کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، مجلس خبرگان رہبری
مجلس خبرگان نے پانچویں دور کے آٹھویں باضابطہ اجلاس کے اختتام پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پابندیاں ہٹائے بغیر ایٹمی معاہدے میں امریکہ کی واپسی کا نہ صرف یہ کہ کوئی فائدہ نہیں بلکہ ایران کے نقصان میں بھی ہے۔
رہبرکا انتخاب کرنے والی فقہا کی کونسل، مجلس خبرگان نے اپنے آٹھویں باضابطہ اجلاس کے اختتام پر ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ایرانی عوام کی جانب سے استقامت اور مسائل و مشکلات کے تحمل سے، ایران کے اسلامی جمہوری نظام کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں اور تہران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی پالیسی کی ناکامی، بے نقاب ہوگئی ہے۔
بیان کے مطابق، پوری دنیا نے مشاہدہ کیا ہے کہ امریکہ کا ایک اور سرکش صدر تاریخ کے کوڑے دان میں چلا گیا اور ایران کا اسلامی جمہوری نظام اپنے عوام کی بدولت پوری آب وتاب کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی استکبار کو جان لینا چاہئے کہ ایٹمی معاہدے میں امریکہ کے واپس آنے یا نہ آنے سے ایرانی عوام کی استقامت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور پابندیاں ہٹائے بغیر ایٹمی معاہدے میں امریکہ کی واپسی کا نہ صرف یہ کہ کوئی فائدہ نہیں بلکہ یہ واپسی ایران کے نقصان میں بھی ہے۔