ایٹمی معاہدے کے بارے میں اجلاس کا وقت مناسب نہیں: ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزب بورل کے بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم امریکہ اور تین یورپی ممالک کے حالیہ اقدامات کے پیش نظر ایٹمی معاہدے کے بارے میں غیر رسمی اجلاس بلانے کے وقت کو مناسب نہیں سمجھتے ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا کہ ہمیں عملی طور پر امریکہ کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آرہی ہے اور بائیڈن انتظامیہ بھی سابق صدر ٹرمپ کی شکست خوردہ پالیسیوں پر گامزن ہے اور حتی قرارداد 2231 اور جوہری معاہدے پر عمل نہیں کیا۔
سعید خطیب زادہ نے کہا کہ مشترکہ ایٹمی معاہدے میں کچھ لینے اور دینے کامعاملہ 5 سال پہلے انجام پاچکا ہے اب عمل کا وقت ہے۔ ایران مشترکہ ایٹمی معاہدے پر عمل کرچکا ہے اب امریکہ اور تین یورپی ممالک کو اپنے وعدوں پر عمل کرنا چاہیے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ کو مشترکہ ایٹمی معاہدے پر عمل کرتے ہوئے ایران کے خلاف تمام پابندیوں کو ختم کرنا چاہیے اور اس کام کے لئے مذاکرات کی نہیں بلکہ انھیں اپنے وعدوں پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔