کورونا بے لگام ایران و عراق کی سرحدیں بند
ایران کی وزارت داخلہ میں سرحدی امور کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ ایران اور عراق کی سرحد پر رفت و آمد عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت داخلہ میں سرحدی امور کے ڈائریکٹر حسین قاسمی نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی وزارت صحت کی جانب سے کورونا کا مقابلہ کرنے کیلئے 4 اپریل تک دونوں ممالک کی سرحدیں مسافروں اور زائرین کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حسین قاسمی کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ عراق میں برطانوی کورونا کے پھیلنے اور عراق سے ایران کے سرحدی صوبے خوزستان میں آنے کے بعد کیا گیا۔
صوبہ خوزستان میں کورونا کی نئی لہر پر قابو پانے کیلئے زبردست اقدامات کئے گئے ہیں جن میں ایران اور عراق کی سرحد پر کڑی نگرانی بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس پھیل جانے کی وجہ سے دونوں ممالک کی سرحدیں اس سے قبل بھی تقریبا دو مہینے کیلئے بند کردی گئی تھیں۔