Apr ۲۳, ۲۰۲۱ ۱۵:۳۲ Asia/Tehran
  • صرف کاغذ پر پابندیوں کی منسوخی منظور نہیں : ایران

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دے کر کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو صرف کاغذ پر پابندیوں کی منسوخی منظور نہیں ہے-

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کلب ہاؤس پروگرام میں عالم عرب اور مغربی ممالک کے صحافیوں اور نامہ نگاروں سے آنلائن گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور گروپ چار جمع ایک نے  ویانا میں ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے مقابلے میں عمل درآمد کے بارے میں بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہم عملی طور پر پابندیوں کا خاتمہ چاہتے ہیں صرف کاغذ پر پابندیوں کی منسوخی منظور نہیں ہے-

 ترجمان وزارت خارجہ خطیب زادہ نے کہا کہ ابھی پابندیوں کے خاتمے ، اس کے لئے اقدامات کرنے اور ان پابندیوں کے خاتمے سے متعلق اطمینان کے حصول جیسے اہم موضوعات کے سلسلے میں اختلاف رائے موجود ہے لیکن ویانا میں سب ہی مذاکرات میں پیشرفت کے لئے بھرپور عزم کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

انہوں  نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات کے سلسلے میں کہا کہ ہم علاقے میں کشیدگی کم کرنے اور تعاون بڑھانے کے لئے ہر طرح کی پہل کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

 ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان مختلف ذرائع سے ہمیشہ رابطے قائم رہے ہیں اور یہ رابطہ کبھی پوری طرح منقطع نہیں ہوا ہے۔

 ترجمان وزارت خارجہ خطیب زادہ نے ایران اور چین کے درمیان  جامع تعاون کی دستاویزات پر دستخط   کے سلسلے میں کہا کہ اس سمجھوتے سے ایران کے لئے زیادہ متوازن خارجہ تعلقات استوار کرنے میں شایان شان مدد ملے گی۔

 ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران اور امریکہ کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے سلسلے میں کہا کہ ایران کی پالیسی یہ ہے کہ تمام قیدیوں کے عوض سبھی قیدیوں کو رہا کیا جائے ۔

 انہوں نے افغانستان میں قیام امن کے بارے میں کہا کہ  ایران ، افغان حکومت اور طالبان سمیت  تمام افغان گروہوں کے درمیان مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے اور افغانستان کی موجودہ صورت حال امریکہ کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک اور بیان میں  بدھ اور  جمعرات کی درمیانی شب پاکستان کے شہر کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران اپنے پاکستانی بھائیوں اور حکومت پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے  - انہوں نے سانحہ کوئٹہ پر گہرا دکھ ظاہر کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا-

 

ٹیگس