فلسطین کی کامیابی آپ کی حمایت و مدد کی مرہون منت ہے: فلسطینی رہنما کا رہبر انقلاب اسلامی کے نام اہم تہنیتی پیغام
جہاد اسلامی فلسطین نے بارہ روزہ جنگ میں استقامتی محاذ کی کامیابی پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کو مبارکباد پیش کی ہے۔
جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد النخالہ نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے نام خط میں لکھا ہے کہ میں اپنی اور القدس بریگیڈ نیز جہاد اسلامی فلسطین کے سپاہیوں کی طرف سے، غاصب صیہونی حکومت کے خلاف استقامتی محاذ کی حالیہ فتح پر آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ آپ کی ہمہ گیر حمایت نے جنگ سیف القدس میں فلسطینی مجاہدین کی کامیابی میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ فلسطینی رہنما نے لکھا ہے کہ آپ کی حمایت کا نتیجہ ہے کہ صیہونی دشمن کی فوجی برتری کے باوجود محاذ استقامت کے سپاہیوں نے پوری قوت سے اس کا مقابلہ اور دلیری و شجاعت کا مظاہرہ کر کے، اُسے دھول چٹائی اور ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ اسرائیل مکڑی کے گھر سے بھی زیادہ کمزور ہے۔
یہ بھی دیکھئے: فلسطین کی فخریہ کامیابی میں ایران برابر کا شریک ہے: فلسطینی رہنماؤں کا اعلان
زیاد النخالہ نے لکھا ہے کہ اس تاریخی فتح کے موقع پر میں آپ کا اور سپاہ قدس میں اپنے بھائیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا اور ان کے پاس جو بھی دانش، ٹیکنالوجی اور توانائی تھی اس سے ہمیں بہرہ مند کیا جس کے نتیجے میں آج یہ عظیم فتح حاصل ہوئی ہے۔
جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما نے اپنے خط میں سردار محاذ استقامت، شہید قدس، جنرل قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس تاریخی فتح کے موقع پر ہمیں ان کی کمی بہت شدت سے محسوس ہو رہی ہے۔