اسلامی جمہوریہ ایران کی امدادی کھیپ نئی دہلی پہنچ گئی
اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے ہندوستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے امدادی سامانوں کی ایک اور کھیپ نئی دہلی پہنچ گئی۔
آکسیجن بنانے والی عالمی معیار کی تین سو مشینوں پر مشتمل یہ امدادی پیکج ، فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر، آستان قدس رضوی، کی جانب سے فراہم کیا گیا ہے-
نئی دہلی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر علی چگینی نے امدادی کھیپ وصول کرتے ہوئے کہا کہ ایران شدید ترین ظالمانہ پابندیوں کے باوجود دواؤں اور میڈیکل ساز و سامان تیار کرنے کے سلسلے میں نہایت اچھے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور اسی کے نتیجے میں آج ہم غیرمعمولی کوالٹی کی حامل آکسیجن بنانے والی تین سو مشینیں اپنے دوست ملک ہندوستان کو تحفے میں دے رہے ہیں۔
یہ بھی دیکھئے: ایران نے آکسیجن بنانے والی تین سو مشینیں ہندوستان روانہ کیں
ایران کے سفیر نے مزید کہا کہ ان مشینوں کو ہندوستانی حکام کی ہماہنگی سے انڈین ریڈکراس، بعض اسپتالوں اورعوامی خیراتی اداروں کو فراہم کیا جائے گا۔ ٹائمز آف انڈیا، ہندوستان ٹائمز اور ڈپلومیسی انڈیا جیسے ہندوستان کے معروف اخباروں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے بھیجی جانے والی امداد کو کوریج دی ہے اور سوشل میڈیا پر ہندوستانی صارفین نے بھی ایران کے اس اقدام کو سراہا ہے۔
ہندوستان میں کورونا کے بےتحاشا پھیلاؤ کے باعث اس ملک کو آکسیجن مشینوں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران اس سے پہلے بھی لازمی دواؤں اور میڈیکل آلات پر مشتمل امداد سرکاری سطح پر ہندوستان روانہ کر چکا ہے۔