امریکہ کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں: ایران
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ برطانوی وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر گفتگو میں مشترکہ ایٹمی معاہدے پر پابند رہنے کے سلسلے میں اتفاق ہوا ہے۔
فارس خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ایک ٹوئیٹر بیان میں کہا ہے کہ برطانوی وزیر خارجہ ڈومینیک راب کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں مشترکہ ایٹمی معاہدے پر پابند رہنے کے سلسلے میں اتفاق ہوا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانوی وزیر خارجہ سے واضح طور پر کہا ہے کہ مشترکہ ایٹمی معاہدے میں واپسی کے لئے امریکہ کو ایران کے خلاف تمام پابندیوں کو ختم کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ برطانوی وزیر خارجہ سے دوطرفہ تعلقات کے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ جوہری معاہدے پر 2015 میں ایران اور دیگر 5 ممالک اور جرمنی نے دستخط کئے اور جنوری 2016 میں اس پر عمل در آمد شروع ہوا۔ تاہم امریکہ مئی 2018 میں اس معاہدے سے یکطرفہ طور پر علیحدہ ہوا۔