Jul ۰۹, ۲۰۲۱ ۱۰:۳۰ Asia/Tehran
  • دواؤں اور طبی آلات پر پابندی، جنگی جرم ہے: ایران

دواؤں اور طبی آلات پر پابندی ایک جنگی جرم ہے، یہ بات اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہی۔

مجید تخت روانچی نے ایچ آئی وی ایڈز کے موضوع پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ایک اجلاس میں کہا کہ پابندیاں دواؤں، طبی آلات، ٹکنالوجی اور بین الاقوامی مالی مراکز کے ساتھ تعاون میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔ انہوں نے ایران پر عائد پابندیوں کو فوراً اٹھائے جانے کا مطالبہ کیا۔

سفیر ایران نے ایچ آئی وی کو مہار کرنے کے سلسلے میں ایران کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو اس حوالے سے اپنی قابل توجہ ترقی کے باوجود امریکہ کی ظالمانہ اور یک طرفہ پابندیوں کے باعث مسائل کا سامنا ہے جو اقوام متحدہ کے منشور اور تمام بین الاقوامی ضابطوں اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کے برخلاف ہے۔

مجید تخت روانچی نے کہا کہ امریکی پابندیاں ایچ آئی وی کو مہار اور اسکے علاج کے لئے مختص کئے گئے عمومی و خصوصی ذرائع و وسائل تک رسائی میں حائل رہی ہیں جس سے ملک کے صحی نظام پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ میں تعینات سفیر ایران نے کہا کہ کورونا کے دور میں ظالمانہ پابندیوں کا اثر عوام بالخصوص عورتوں، بچوں، معذوروں اور سن رسیدہ افراد پر اور زیادہ محسوس کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اغراض و مقاصد کے تحت کسی ملک کے عوام کی صحت سلامتی کو خطرے میں ڈالنا صرف ایک غیر قانونی عمل ہی نہیں بلکہ بشریت کے خلاف روا رکھا جانے والا جنگی جرم ہے۔

ٹیگس