عشرہ امامت و ولایت کے موقع پر عوامی کیمپین
صوبہ تہران ميں امامت و ولایت کے عشرے کی مناسبت سے کمپین چلانے کے پروگرام کی تفصیلات جاری کر دی گئيں۔
اطلاعات کے مطابق صوبہ تہران کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تاجروں اور صنعتکاروں نے اپنے طور پر "مولا کی محبت میں رعایت" کے نام سے ایک کمپین چلانے کا پروگرام بنایا ہے۔
خدمت رضوی سے موسوم مراکز کے نگران اعلی علی رضا جانہ نے ہفتے کی صبح ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے"عشرہ ولایت وامامت" کے پروگراموں کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر کورونا پروٹوکولز کی پابندی کے ساتھ جشن و سرور کی محافل کا انعقاد کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جشن کے جلوس، گھرگھر محافلِ میلاد، قیدیوں کی رہائی، لوگوں کو مختلف خدمات کی فراہمی، مقامی آبادیوں اور محلّوں ميں رہنے والے سادات کے ساتھ ملاقات، شہدا کے کنبوں کی قدردانی، اور یوم عرفہ پر دعا و نیايش کا اہتمام کیا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لئے خادمین اور مددگاران رضوی صوبہ تہران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں عشرہ امامت و ولایت کے خصوصی پروگراموں کا انتظام کریں گے۔
خطبۂ غدیر کے تحت دلسچپ مقابلوں اور گلی کوچوں کی سجاوٹ کے علاوہ عشق مولا میں ڈسکاؤنٹ کے زيرعنوان کمپین بھی چلایا جائے گا جس میں تاجربرادری کی جانب سے لوگوں کو رعایتی قیمت پر سامان فروخت کیا جائے گا۔ اس موضوع سے آگاہی کے سلسلے میں پوسٹرر اور بینرز تیار کرکے کمپین میں شامل تمام افراد کو فراہم کئے جائيں گے۔
علی رضا جانہ نے بقرعید کے دن کے پروگراموں کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اس دن کی مناسبت سے اجتماعی اور انفرادی پر طور پر جانوروں کی قربانی کی جائے گی اور قربانی کا گوشت "خدمت رضوی سینٹر" کے زیر اہتمام صوبہ تہران کے مختلف شہروں میں تقسیم کیا جائے گا۔
صوبے بھر کی تمام مساجد میں امیرالمومنین حضرت علی علیہ سلام کے فضائل اور خطبہ غدیر کی تلاوت کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔