لبنان کو تیل کی سپلائی کے لئے آمادہ ہیں: ایران
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ تہران دو طرفہ تعلقات میں کسی بندش کا قائل نہیں ہے اور اگر لبنان کی حکومت اور تاجروں کو ایندھن کی ضرورت ہے تو ایران، لبنان کو تیل سپلائی اور فروخت کرنے کے لئے آمادہ ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے لبنان کے سابق وزیر خارجہ جبران باسل سے ٹیلیفون پر گفتگو میں اپنے نئے گاہکوں کو آئل مصنوعات فروخت کرنے کے لئے ایران کی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اگر لبنان کی حکومت اور تاجروں کو ایندھن کی ضرورت ہے تو ایران، لبنان کو تیل سپلائی اور فروخت کرنے کے لئے آمادہ ہے۔
وزیر خارجہ ایران کا کہنا تھا کہ حزب اللہ لبنان کے عالیقدر سربراہ نے اپنے ملک میں ایندھن کے اس بحران کو ختم کرنے کے لئے جو سوچا سمجھا ہے وہ قابل غور ہے اس لئے کہ لبنانی عوام پر دباؤ ڈالنے کے لئے صیہونی حکومت سے جو کچھ کرتے بنا ہے وہ اس نے کیا ہے، بنابریں حقیقت یہ ہے کہ لبنان اپنے بل بوتے پر اپنے سرمائے و ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیابی کے ساتھ اپنا راستہ طے کر سکتا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ لبنان کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے لئے ایران کسی حد کا قائل نہیں ہے اور ایران ہمیشہ لبنان کی حکومت، قوم اور لبنانی فوج کی حمایت پر زور دیتا رہا ہے۔
اس ٹیلیفونی گفتگو میں لبنان کے سابق وزیر خارجہ نے بھی ایران کا وزیر خارجہ منتخب ہونے پر حسین امیر عبداللہیان کو مبارک باد پیش کی اور لبنان کو ایندھن ارسال کرنے کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے اسی طرح لبنانی عوام کے خلاف جاری سازشوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ایران اور لبنان کے تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔