Sep ۲۱, ۲۰۲۱ ۱۷:۱۰ Asia/Tehran
  • ایٹمی سمجھوتے کے مشترکہ کمیشن کا اجلاس ایجنڈے میں شامل نہیں : خطیب زادہ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایٹمی سمجھوتے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کا انعقاد ایجنڈے میں شامل نہیں ہے اور گروپ چار جمع ایک کے درمیان ہونے والے مذاکرات دو فریقی شکل میں انجام پائیں گے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق سعید خطیب زادہ نے منگل کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر فرانس کے وزیرخارجہ کے اس بیان پر کہ ایران کے ساتھ ایٹمی سمجھوتے کے بارے میں مشترکہ اجلاس منعقد ہوگا کہا کہ اس سے پہلے بھی وزرائے خارجہ نے اس سلسلے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔ خطیب زادہ نے کہا کہ ایٹمی سمجھوتہ یہاں موجود وزرائے خارجہ کی گفتگو کا ایک اہم موضوع ہوگا لیکن گروپ چار جمع ایک کے ساتھ اجلاس کا انعقاد ایجنڈے میں شامل نہیں ہے بلکہ ایٹمی سمجھوتے کے فریقوں کے ساتھ گفتگو دوفریقی طور پر ہوگی۔ ایران کے وزیرخارجہ امیرعبداللہیان، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک کے دورے پر ہیں۔

ٹیگس