ہفتہ دفاع مقدس کی مناسبت سے سپاہ پاسداران کا بیان
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان میں تاکید کی ہے کہ ایرانی قوم کی جانب سے فاتحانہ دفاع ایک ناقابل انکار تاریخی حقیقت ہے۔
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان میں مقدس دفاع کی اکتالیسویں سالگرہ کی مناسبت سے ایرانی قوم کے باوقار اور فاتحانہ دفاع کے تسلسل کو ناقابل انکار تاریخی حقیقت اور علاقے سے امریکی انخلا نیز عالم اسلام کے جغرافیہ سے غاصب صیہونی سرطانی غدہ کا صفایا ہونے کی مکمل ضمانت قرار دیا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بیان میں آیا ہے کہ ایرانی قوم کے خلاف مسلط کردہ آٹھ سالہ جنگ، بین الاقوامی قوانین و اصول کی خلاف ورزی اور علاقائی استحکام کے منافی اقدام تھا اور اس اقدام کے تباہ کن اثرات، ایک ایسے علاقے کی سلامتی پر مرتب ہوئے ہیں جو سامراجی اور تسلط پسند طاقتوں اور سر فہرست جنگ پسند و دہشت گرد امریکی حکومت اور علاقے کے رجعت پسند اس کے اتحادیوں کی حمایت سے ہمیشہ جنگ و جارحیت اور مختلف جنگوں کا میدان بنا رہا ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف عالمی استکبار اور شرپسند طاقتوں کی مسلط کردہ جنگ، ایک جانب علاقائی و غیر علاقائی دشمنوں اور انقلاب مخالف محاذ کی ناکامی کی آئینہ دار اور دوسری جانب اس حقیقت کی غماز ہے کہ ایران اور ایرانیوں نے اپنی بصیرت و ہوشیاری، انقلابی امنگوں اور دفاع مقدس کے تجربات کی مدد سے عزت و سربلندی کے ساتھ دشمنوں سے کہیں زیادہ آگے بڑھنے کا عملی طور پر ثبوت پیش کیا ہے۔
سپاہ پاسداران کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مسلط کردہ جنگ کے بعد تسلط پسند استکباری طاقت کا بھرم ٹوٹنا اور افغانستان و عراق پر لشکر کشی کے ساتھ اسٹریٹیجک پناہ گاہوں سے امریکیوں کے انخلا میں وائٹ ہاؤس کے غلط اندازے اس بات کا باعث بنے ہیں کہ بیس برس گذرنے کے بعد بھی آج افغانستان سے امریکی فوجیوں کو ذلت و رسوائی کے ساتھ فرار ہونے پر مجبور ہونا پڑا اور انشاء اللہ خدا کے فضل و کرم سے مستقبل قریب میں پورے مغربی ایشیا سے بھی امریکی فوجی انخلا کا مشاہدہ کیا جائے گا۔