اب مذاکرات برائے مذاکرات نہیں ہوں گے: ایرانی وزیر خارجہ
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان نے کہا ہے کہ مذاکرات برائے مذاکرات کی صورت میں تہران مناسب وقت پر ضروری قدم اٹھائے گا۔
ماسکو میں ایرانی سفیر اور سفارت خانے کے دیگر ارکان سے ہوئی ملاقات میں وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان کا کہنا تھا کہ تہران نتیجہ خیز ایٹمی مذاکرات کا خواہاں ہے۔
اپنے روسی ہم منصب کی دعوت پر ماسکو کا دورہ کرنے والے ایرانی وزیر خارجہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ یہ مذاکرات بھی پچھلے آٹھ سال سے جاری مذاکرات کی طرح مذاکرات برائے مذاکرات بن گئے تو ہم مناسب وقت پر ضروری قدم اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مجوزہ ویانا مذاکرات کے ذریعے ایرانی عوام کے حقوق کا مکمل تحفظ چاہتے ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے پائیدار اقتصادی ترقی سے متعلق حکومت کے منصوبے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ماہ کے دوران اس بارے میں ایک سیمینار تہران میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سیمینار میں شام نیز ایران کے ہمسایہ ملکوں کے سفرا شرکت کریں گے اور انہیں پابندیوں سے متاثر ہوئے بغیر، تہران کے ساتھ اقتصادی تعاون کے فروغ سے متعلق منصوبوں سے آگاہ کیا جائے گا۔