Oct ۰۷, ۲۰۲۱ ۰۸:۱۵ Asia/Tehran
  • ایران روس اسٹریٹیجک تعاون کی دستاویز جلد تیار ہوگی: امیر عبداللہیان

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران اور روس کے درمیان اسٹریٹیجک تعاون کی دستاویز جلد ہی تیار کر لی جائے گی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے اپنے دورہ ماسکو میں روسی ہم منصب سرگئی لاؤروف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ علاقے کے مسائل کے بارے میں تہران اور ماسکو کا موقف ایک ہے.

وزیر خارجہ امیر عبدالہیان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد ایرانی تاجروں کی سرگرمیوں میں پیدا ہونے والی رکاوٹ دور کرنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ سترفیصد سے زیادہ ایرانی عوام کورونا ویکسین لگوا چکے ہیں اور ان کے سفر کے میں کوئی روکاوٹ نہیں ہے.

ایران کے وزیر خارجہ نے فلسطین کے سلسلے میں ایران کے موقف کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا موقف واضح ہے اور ہم اسرائیل کی ریشہ دوانیوں اور مذموم عزائم کو برداشت نہیں کر سکتے. انہوں نے مزید کہا کہ شام کے مسئلے میں روس کے ساتھ مکمل اتفاق نظرپایا جاتا ہے اور ہم سیاسی طریقے سے یہ مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں.

ایران کے وزیر خارجہ نے ملک کی شمال مغربی سرحدوں کے قریب فاتحان خیبر نامی مشقوں کے سلسلے میں کہا کہ جمہوریہ آذربائیجان، بیرونی فریقوں کے ساتھ مل کر چھے مشقیں انجام دے چکا ہے، لیکن ایران نے صرف ایک مشق انجام دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو قفقاز میں اسرائیل کی موجودگی پر سخت تشویش ہے اور تہران علاقے کے نقشے میں تبدیلی برداشت نہیں کرے گا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات کے بارے میں کہا کہ ان مذاکرات کا نیا دور انجام پایا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران اختلافات کو حل کرنے کے لئے تیار ہے۔

ٹیگس