Oct ۱۱, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۷ Asia/Tehran
  • شہید جنرل قاسم سلیمانی عالمی ہیرو ہیں، وزیرخارجہ امیرعبداللہیان

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کو ایک عالمی ہیرو قرار دیا ہے۔

حسین امیر عبداللہیان نے لبنانی چینل المنار کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ایران کی سپاہ پاسداران کی قدس فورس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کی جانفشانیوں کا ذکر کیا اور انہیں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک قومی و عالمی ہیرو قرار دیا۔

اتوار کے روز ایران کے وزیر خارجہ نے لبنانی چینل کے ساتھ گفتگو میں مغربی ایشیا میں سرگرم استقامتی و مزاحمتی گروہوں کی شہید قاسم سلیمانی کی جانب سے ہونے والی مدد کا ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے حزب اللہ لبنان نیز عراقی اور شامی تنظیموں کی مدد سے دہشتگردی کا مقابلہ کیا اور کامیاب رہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے شمال مغربی سرحدی علاقے میں انجام پانے والی حالیہ فوجی مشقوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فوجی مشقیں ہمسایہ ممالک کو امن و صلح کا پیغام دینے اور علاقے میں صیہونیوں اور تکفیریوں کی روک تھام کے مقصد سے انجام پائی ہیں۔امیر عبد اللہیان نے کہا کہ خطے میں ایران کی پالیسی ہمسائیگی کا تحفظ ہے اور تہران نے آذربائیجان کے حکام کے لئے یہ واضح کیا ہے کہ اس ملک میں صیہونیوں اور تکفیریوں کی موجودگی قفقاز کے علاقے کے امن و استحکام کے حق میں نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خود ساختہ صیہونی حکومت نے استقامتی محاذ کے پیغام کو حاصل کر لیا ہے اور وہ مقبوضہ فلسطین نامی ایک جیل کی سرحدوں میں قید ہے اور ان سرحدوں سے آگے اس کی توسیع کا امکان نہیں ہے۔

وزیر خارجہ نے علاقے میں امریکہ کے باوردی دہشتگردوں کی موجودگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے سے ان کا انخلا یقینی ہے۔

ٹیگس