Oct ۱۳, ۲۰۲۱ ۱۵:۵۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں شیراز کی جاذبانہ صلاحیتوں کو متعارف کرانے کے لئے نمائش کا اہتمام

یوم حافظ کے موقع پر ایران کے شہر شیراز کی خصوصیات سے متعارف کرانے کے مقصد سے ہندوستان کے شہر حیدرآباد میں فن و ثقافت کی ایک نمائش کا اہتمام کیا گیا۔

ہندوستان کی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں اس دس روزہ نمائش کا اہتمام شہر حیدرآباد کی بلدیہ اور اس شہر میں ایران کے قونصلر جنرل کے تعاون سے کیا گیا ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے مختلف علاقوں میں ادب و ثقافت سے دلچسپی رکھنے والوں کو ایران کے تاریخی شہر شیراز کے ادب و ثقافت سے متعارف کرانے کی غرض سے اس نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔

اس نمائش کا اہم حصہ، ایران کے تاریخی، سیاحتی اور ثقاتی نیز مذہبی مقامات اور شہر شیراز کے اہم مراکز اور شاہ چراغ علیہ السلام کے حرم مطہر اور اس شہر میں واقع تاریخی مساجد و باغات کی تصاویر پر مشتمل ہے۔

اس نمائش میں خوش خط تحریر سمیت فن و ثقافت پر مشتمل مختلف قسم کے شعبے قائم کئے گئے ہیں اور فنکاروں کا ایک جلوہ ہے جو دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اس نمائش کی افتتاحی تقریب سے ہندوستان کی ریاست تلنگانہ کے وزیر ثقافت، ایران کے قونصلر جنرل، فن و ہنر سے متعلق ہندوستان کی اہم برگزیدہ شخصیات، جے این یو کے سابق وائس چانسلر اور ہندوستان کے فارسی ادب و ثقافت کے پروفیسر نے خطاب کیا۔

واضح رہے کہ ایرانی کیلینڈر کے حساب سے بیس مہر مطابق بارہ اکتوبر کی تاریخ فارسی شعر و ادب کی عظیم نامور شخصیت خواجہ شمس الدین محمد حافظ شیرازی کے نام سے منسوب ہے۔

 

ٹیگس