Oct ۲۰, ۲۰۲۱ ۰۷:۴۲ Asia/Tehran
  • رافائل گروسی کا جلد ہی دوبارہ دورۂ تہران متوقع، امیر عبداللھیان سے ملاقات کو ضروری بتایا

ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی آئی اے ای اے کے سربراہ نے کہا ہے کہ انہیں لگتا ہے کہ نومبر میں ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے پہلے وہ تہران کا دورہ کريں گے۔

انہوں نے فايننشل ٹائمز سے انٹرویو میں کہا: ایران کے نئے وزیر خارجہ سے میں گفتگو نہیں کر پایا۔

رافائل گروسی نے مزید کہا: مجھے اس رابطے کی سیاسی سطح پر ضرورت ہے، یہ ضروری ہے جسکے بغیر ہم ایک دوسرے کو نہیں سمجھ سکتے۔

ایٹمی توانائی کے بین الاقوامی ادارہ آئی اے ای اے کے ڈائرکٹر جنرل نے کہا کہ کرج کی تنصیبات کے علاوہ سبھی تنصیبات کی نگرانی کا کام پورا ہو گیا ہے، ہمیں ابھی بھی کرج کی جوہری تنصیبات تک رسائی کی اجازت نہیں ملی ہے۔

واضح رہے کہ آئی اے ای اے کی جانب سے اب تک پندرہ سے زائد رپورٹوں میں اس بات کی تصدیق کی جا چکی ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں پر پوری طرح سے عمل کیا ہے، لیکن اس کے باوجود امریکا اور بعض یورپی ملکوں کے دباؤ میں آکر آئی اے ای اے کے سربراہ ایران کے پرامن ایٹمی پروگراموں کے بارے میں غیرذمہ دارانہ بیانات دے دیتے ہیں جو ایران کے لئے کسی بھی عنوان سے قابل قبول نہیں ہے-

رافائل گروسی نے ابھی حال ہی میں کرج میں ایک پلانٹ کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ بیان دیا تھا جسے ایران نے سختی کے ساتھ مسترد کر دیا۔

 

ٹیگس