Nov ۰۵, ۲۰۲۱ ۱۷:۵۷ Asia/Tehran
  • سامراجی ممالک کو گوارا نہیں کہ ایران کے پاس ایٹمی ٹیکنالوجی ہو: بہروز کمالوندی

ایران کے ایٹمی انرجی کے ادارے کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں بیس فیصد افزودہ یورینیم کی مقدار دوسو دس کیلو سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ پچیس کیلو کی مقدار میں ساٹھ فیصد افزودہ یورینیم بھی تیار کیا جا چکا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی ادارے کے ترجمان بہروز کمالوندی نے کہا کہ اس وقت سامراجی ممالک نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اب وہ اسلامی جمہوریہ سے ایٹمی صنعت نہیں چھین سکتے۔

انھوں نے تہران میں ایٹمی صنعت کی نمائش کے افتتاح کے موقع پرانٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ  سامراجی  ممالک جانتے ہیں کہ یہ صنعت، حساس اور کلیدی حیثیت رکھتی ہے لہذا وہ اسلامی جمہوریہ ایران کو طاقت و توانائی کے اس اہم حق سے محروم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اسی لئے انھوں نے ایٹمی موضوع کو سیاسی بنا دیا ہے۔

ایران کے محکمۂ جوہری توانائی کے ترجمان بہروز کمالوندی نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادی الزام لگا رہے ہیں کہ ہم ایٹمی ہتھیار بنانا چاہتے ہیں، جبکہ خود ان کے پاس ایٹمی ہتھیار موجود ہیں اور وہ انھیں استعمال بھی کر چکے ہیں۔

بہروز کمالوندی نے زور دے کر کہا کہ امریکہ اس وقت کمزور ہو رہا ہے اور وہ کبھی بھی علاقے میں اتنا کمزور ہوا نہیں تھا جبکہ ایران روز بروز مضبوط ہو رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ایران کی ایٹمی مصنوعات کی نمائش بدھ سے تہران میں شہید فخری زادہ سینٹر میں شروع ہوئی ہے۔

ٹیگس