ذوالفقار 1400 فوجی مشقیں، علاقائی توانائیوں پر بھروسہ کے ساتھ امن اور دوستی کے پیغام کی حامل
ایران کی مسلح افواج ، ذوالفقار چودہ سو فوجی مشقوں کے اہم اور اصل مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں۔
فوجی مشقوں کے پریس ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ بیان کے مطابق مکران کے ساحلوں کے قریب، ذوالفقار چودہ سو فوجی مشقوں کا اصلی مرحلہ اتوار سے یا رسول اللہ کے مقدس کوڈ سے شروع ہو گیا ہے جس میں ایران کی مسلح افواج کے انفنٹری، آٹلری، اور انجینئرنگ کور کے علاوہ، اینٹی ایئر کرافٹ یونٹ، بحریہ کے مختلف فلوٹس، فضائیہ کے جنگی جہاز اور ڈرون طیارے حصہ لے رہے ہیں۔
ذوالفقار چودہ سو فوجی مشقوں کے ترجمان کموڈور سید محمد موسوی نے بتایا ہے کہ فرضی دشمن کی الیکٹرانک معلومات اور سگنلوں کا پتہ لگانا اور انہیں سننا اور دشمن کے سگنلوں کو ناکارہ بنانا، مشقوں کے اہم ترین مرحلے میں شامل ہیں اور اس مقصد کے لیے، مخصوص الیکٹرانک نظام کے علاوہ ابابیل، یسیر، صادق، مہاجر اور سیمرغ جیسے ڈرون طیارے اور پی تھری ایف، آر ایف چار، بوئینگ سیون او سیون جیسے جاسوس طیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
مزید دیکھیئے:ایران میں ذوالفقار ۲۰۲۱ فوجی مشقوں کا آغاز۔ ویڈیو
کموڈور موسوی کا کہنا تھا کہ ملکی سرحدوں اور اسی طرح جنوبی ایران کے آبی علاقے کی نگرانی اور تجزیہ کرنا، دشمن کے خلاف ایئر ڈیفنس سسٹم کا استعمال، فضائی گشت بھی ذوالفقار چودہ سو فوجی مشقوں کے پروگرام میں شامل ہے۔
فوجی مشقوں کے ترجمان نے ایک بار پھر ایران کے اس دیرینہ موقف کا اعادہ کیا کہ خطے کے ملکوں کے درمیان علمی و سائنسی تعاون کے ذریعے علاقائی سلامتی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے ملکوں کے لیے ایران کی فوجی مشقوں کا پیغام یہ ہے کہ تہران علاقائی توانائیوں پر بھروسہ کرتے ہوئے امن اور دوستی کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
کموڈور موسوی نے کہا کہ تاریخ سے ثابت ہوچکا ہے کہ خطے سے باہر کی قوتوں نے ہمیشہ جنگ پسندی کا مظاہرہ کیا ہے جسکا نتیجہ مغربی ایشا میں بدامنی، جنگ اور غاصبانہ قبضے کی شکل میں برآمد ہوا ہے۔ ذوالفقار فوجی مشقوں کے ترجمان نے کہا کہ حالیہ فوجی مشقوں کے تمام مراحل کے نتائج کا حضرت خاتم الانبیا (ص) ہیڈکوارٹر اور بری فوج کے ماہرین، بغور جائزہ لیں گے۔