غیرقانونی پابندیوں کا خاتمہ اور معاہدہ دوبارہ نہ چھوڑنے کی امریکی ضمانت ایران کا بنیادی مطالبہ
غیر قانونی پابندیوں کا خاتمہ ہمارا بنیادی مطالبہ ہے، یہ کہنا ہے ایٹمی معاہدے کے یورپی فریقوں کے ساتھ مصروف مذاکرات ایران کے نائب وزیر خارجہ علی باقری کنی کا۔
ارنا نیوز کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر مذاکرات کار علی باقری کنی نے یورپی ممالک کا سفر مکمل کرنے کے بعد کہا کہ اس سفر میں ہم نے دو مطالبات دہرائے ہیں، ایک تو یہ کہ ایران پر عائد غیر قانونی پابندیوں کا سلسلہ بند ہو اور دوسرے یہ کہ امریکہ اس بات کی ضمانت دے کہ وہ اب دوبارہ ایٹمی معاہدے سے خارج نہیں ہوگا۔
علی باقری کنی نے ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ فرانس، جرمنی، برطانیہ اور اسپین کے سفر کے دوران دو طرفہ تعلقات، علاقائی مسائل منجملہ آئندہ ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے سنجیدہ گفتگو ہوئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر مذاکرات کار علی باقری کنی چار روزہ دورے پر یورپی ممالک فرانس، جرمنی، برطانیہ اور اسپین پہنچے اور ان ممالک کی وزارت خارجہ کے عہدے داروں سے ملاقات اور گفتگو کی۔ اسکے علاوہ انہوں نے جمعے کے روز یورپی یونین کے خارجہ امور کے سیکریٹری اور جامع ایٹمی معاہدے کے مشترکہ یورپی کمیشن کے سربراہ اینریکہ مورا سے بھی ملاقات کی تھی۔
علی باقری کنی اس سے قبل برطانوی روزنامہ گارڈین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مغربی فریقوں کے ساتھ ایران کی دفاعی و سکیورٹی صلاحیت و توانائی کے موضوع پر مذاکرات کے امکان کو بھی مسترد کر چکے ہیں۔