Jun ۲۴, ۲۰۲۳ ۱۰:۵۲ Asia/Tehran
  • یوکرین جنگ کے حوالے سے امریکہ اور اسکےیورپی حواریوں کے بیانات سیاسی ڈرامہ ہیں: ایران

اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندہ دفتر نے یوکرین جنگ میں ایرانی ڈرون کے استعمال کے حوالے سے امریکہ یوکرین اور تین یورپی ممالک کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے اُسے ایران کو بدنام کرنے کے مقصد سے ایک سیاسی ڈرامہ قرار دیا۔

سحر نیوز/ایران: اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندہ دفتر نے گزشتہ روز ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ یو این کی سلامتی کونسل کے میڈیا ہاؤس میں امریکہ، البانیہ فرانس برطانیہ اور یوکرین کے بیانات و اقدامات درحقیقت ایران کو بدنام کرنے کے لئے ایک ڈرامہ ہیں اور اُن کا مقصد قرارداد بائس اکتیس پر عملدرآمد کے حوالے سے یو این سیکریٹری جنرل کی رپورٹ پر اثرانداز ہونا ہے۔

ایران کے نمائندہ دفتر کے بیان میں آیا ہے کہ تہران ان بےبنیاد الزامات کو مسترد کرنے کے ساتھ ساتھ پوری صراحت کے ساتھ بارہا یہ اعلان کر چکا ہے کہ روس اور یوکرین کی جنگ میں اس نے کوئی مداخلت نہیں کی ہے اور ساتھ ہی یہ کہ اس جنگ کا نہ کوئی فاتح ہے اور نہ کوئی مفتوح، تمام تر کوششیں جنگ کے خاتمے، اس کے وجود میں آنے کے اسباب کا پتہ لگا کر انہیں ختم کرنے اور امن و صلح کے قیام پر مرکوز ہونی چاہئیں۔

قابل ذکر ہے کہ جامع ایٹمی معاہدے اور قرارداد بائس اکتیس پر عملدرآمد کے حوالے سے یو این سیکریٹری جنرل نے گزشتہ برس انیس دسمبر کو اپنی چودہویں رپورٹ پیش کی تھی جس کے بعد پندرہویں رپورٹ کے لئے رواں ماہ جون کا وقت مقرر ہوا تھا، مگر چونکہ ان دنوں سلامتی کونسل کی موجودہ سربراہی متحدہ عرب امارات کے پاس ہے، اس لئے امریکہ اور اس کے یورپی اتحادیوں نے مل کر اپنے سیاسی اہداف کے تحت اس رپورٹ کو اگلے مہینے تک مؤخر کروا دیا ہے کیوں کہ اگلے ماہ سلامتی کونسل کی سربراہی برطانیہ کو ملنے والی ہے۔

ٹیگس