پابندیوں اور دشواریوں کے باوجود، ایران انسانی اسمگلنگ کی روک تھام میں پیش پیش
اسلامی جمہوریہ ایران بین الاقوامی پابندیوں اور عالمی حمایت و مدد کے فقدان کے باوجود پوری شجاعت و دلیری کے ساتھ جرائم پیشہ گروہوں اور ٹولوں کا مقابلہ کر رہا ہے، یہ بات اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے کہی۔
سفیر ایران نے انسان کی اسمگلنگ کے زیر عنوان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کہا کہ ایران کا شمار اُن اولیں ممالک میں ہوتا ہے جنہوں نے منصبوبہ بند طریقے سے بین الاقوامی سطح پر جرائم کے ارتکاب سے مقابلے کے سلسلے میں اقوام متحدہ کے کنوینشن پر دستخط کئے ہیں اور وہ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے کنویشن کے معین کردہ خطوط پر گامزن رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے ملکی سطح پر انسانی اسمگلنگ کی روک تھام اور اسکا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لئے خاص قوانین وضع کئے ہیں اور وزارت داخلہ کی نگرانی میں انسانی اسمگلنگ کو لگام دینے کے لئے پوری سنجیدگی کے ساتھ اقدامات انجام دئے جاتے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے مقصد سے اس جرم کا مقابلہ کر رہے ممالک کے ساتھ مؤثر انداز میں تکنیکی و لازمی تعاون کریں۔