Nov ۲۵, ۲۰۲۱ ۱۸:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران اور چین کے وزرائے خارجہ کی آن لائن ملاقات

ایران اور چین کے وزرائے خارجہ نے تہران بیجنگ تعلقات، ایٹمی معاہدے کے بارے میں مذاکرات اور ایرانی عوام کے خلاف امریکہ کی غیر قانونی پابندیوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔

وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور وانگ یی کے درمیان ہونے والی آن لائن ملاقات میں تہران بیجنگ اقتصادی تعاون کے معاہدوں پر عملدرآمد کے لیے لازمی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی غیر قانونی علیحدگی اور یورپی ملکوں کی وعدہ خلافیوں کا ذکر کیا اور یہ بات زور دے کے کہی کہ تہران ایک اچھے سجمھوتے کےحصول کی غرض سے پختہ عز م کے ساتھ  ویانا مذاکرات میں شامل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ اور یورپی فریق بھی اپنے وعدوں پر عملدرآمد کے لیے ضروری عزم کے ساتھ  ویانا آئیں تو سمجھوتے کا حصول ممکن ہے۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اس موقع پر ایران کے وزیر خارجہ کو دورہ بیجنگ کی دعوت دی اور دوطرفہ معاہدوں اور تعاون کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔

وانگ یی نے ایران اور چار جمع ایک گروپ کے درمیان مذاکرات اور آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی کے حالیہ دورہ تہران کو مثبت اور ایٹمی معاہدے کی بحالی کے بارے میں ایران کے موقف کو حق بجانب قرار دیا۔

ٹیگس