ایران اور چین کے صدور کی ملاقات، چین کی گرینڈ فوجی پریڈ میں شرکت کا پروگرام
چین کے صدر نے ایرانی صدر سے ملاقات میں ایران کے ایٹمی انرجی کے پرامن استعمال کے حق ، قومی اقتداراعلی کے تحفظ اور ارضی سالمیت کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: چین کے صدر شی جین پینگ نے بیجنگ میں صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ بیجنگ پرامن مقاصد کے لئے ایٹمی انرجی سے استفادے کے ایران کے حق، قومی اقتدار اعلی کے تحفظ، ارضی سالمیت، اور قومی عظمت و دفاع کے جائز حقوں کی حمایت کرتا ہے۔ چینی صدر نے کہا کہ چین اور ایران نے مختلف بین الاقوامی تبدیلیوں کےمقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کیا اور ثابت قدم رہے ہيں۔
شی جین پینگ نے مشرق وسطی میں ایران کے کردار کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ مشرق وسطی میں چینی سفارتکاری میں ایران کا اہم مقام رہا ہے اور بیجنگ ایران کے ساتھ دوستی کو ہمیشہ جاری رکھنا اور تجارت و سرمایہ کاری سمیت مختلف میدانوں میں تعاون کو مضبوط بنانا چاہتا ہے۔
چین کے صدر نے ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں تاکید کے ساتھ کہا کہ اختلافات کے حل کے لئے طاقت کا استعمال، درست راہ حل نہيں ہے اور چین ایٹمی انرجی کے پرامن استعمال کے ایران کے حق کی حمایت کرتا ہے۔
اس موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر پزشکیان نے چینی صدر کو تیانجین ميں شانگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ اس تنظیم پر چین کی سربراہی کے دور میں اراکین کے درمیان سیاسی اعتماد بڑھا ہے اور مختلف میدانوں میں تعاون میں مثبت پیشرفت ہوئي ہے۔ صدر پزشکیان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، شانگھائی تعاون تنظيم کے تناظر میں چین کے ساتھ اپنے تعاون کو مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ چین، ایران کا اسٹریٹیجک پارٹنر ہے اور ایران دونوں ملکوں کے تعلقات کو کافی اہمیت دیتا ہے۔