Dec ۰۳, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۹ Asia/Tehran
  • پاکستانی رائڈرز ایران کی سیر کے لئے نکلے

پاکستان کے ایک ثقافتی اور سیاحتی قافلے نے موٹر سائیل کے ذریعے لاہور سے ایران کے مختلف شہروں کا سفر شروع کیا ہے۔

پاکستان کے ثقافتی شہر لاہور میں ایران کے خانہ فرہنگ کے مطابق تیرہ افراد پر مشتمل اس قافلے کو جمعرات کے روز ایران کے خانہ فرہنگ کے انچارج جعفر روناس نے ایک تقریب کے بعد باضابطہ طور پر روانہ کیا۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں دو برادر، پڑوسی، اسلامی ملکوں کی حیثیت سے ایران اور پاکستان کی قوموں کے درمیان تعلقات کی تقویت کے لئے دونوں ملکوں کے مابین سیاحت کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تاریخی، روایتی، ثقافتی، نسلی اور لسانی پہلوؤں کے لحاظ سے دنیا میں ایک ممتاز مقام رکھتا ہے۔

اس موقع پر پاکستان کے اس سیاحتی قافلے کے انچارج مکرم خان ترین نے بھی کہا کہ مختلف شعبوں میں ایران و پاکستان، مشترکہ اقدار کے حامل ہیں اور دونوں ممالک میں سیاحت کو فروغ دینے کی کافی گنجائش پائی جاتی ہے۔

موٹر سائیکلوں پر سوار پاکستان کا یہ ثقافتی و سیاحتی قافلہ اپنے چھبیس روزہ سفر کے دوران ساڑھے چھے ہزار کلو میٹر کی مسافت طے کرے گا اور شہر لاہور سے چل کر تفتان، میرجاوہ، زاہدان، بم، کرمان، یزد، اصفہان، کاشان، قم اور تہران کا سفر کرے گا۔

دو سال قبل بھی پاکستان کے ایسے ہی ایک ثقافتی قافلے نے ایران کا سفر کر کے مختلف شہروں اور مقامات کا دورہ کیا تھا۔

ٹیگس