Dec ۰۳, ۲۰۲۱ ۱۹:۱۶ Asia/Tehran
  • ویانا مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں باقری کنی کا بیان

ایران کے نائب وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے خارجہ امور کے نائب سربراہ سے ملاقات کے بعد ایٹمی سمجھوتے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے انعقاد کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ انریکے مورا کے ساتھ اجلاس کا پروگرام طے پایا ہے۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینئر ایٹمی مذاکرات کار علی باقری کنی نے جمعے کو کہا کہ ایٹمی سمجھوتے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں گروہ چار جمع ایک کے سامنے ایران کے پیش کردہ مجوزہ متن کے بارے میں فریق مقابل کے موقف کا جائزہ لیا جائے گا۔

یورپی یونین کے خارجہ امور کے نائب سربراہ انریکے مورا نے بھی ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اس ہفتے ہونے والی ہماری گفتگو کے ضروری نکات پر غور کرنے کے لئے ایٹمی سمجھوتے کے مشترکہ کمیشن کا اجلاس آج  دوپہر بعد ہوگا۔

ایران نے بدھ کی رات مقابل فریقوں کے سامنے ظالمانہ پابندیوں کی منسوخی اورایٹمی مسائل کے سلسلے میں اپنا مجوزہ متن پیش کیا تھا جس کے بعد جمعرات کو مختلف اجلاسوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مجوزہ متن کا جائزہ لیا گیا۔

علی باقری کنی نے صبح اور شام دونوں وقت انریکے مورا اور تین یورپی وفود کے سربراہوں سے گفتگو کی۔

کہا جا رہا ہے کہ یورپی فریق ایران کے مجوزہ متن کے بارے میں صلاح و مشورے کے لئے اپنے دارالحکومتوں میں جانا چاہتے ہیں اوراسی بنا پر وہ مذاکراتی وفود کے سربراہوں کی سطح پر ایٹمی سمجھوتے کے مشترکہ کمیشن کے اختتامی اجلاس کی تشکیل کے خواہاں ہیں۔

پابندیوں کے خاتمے اور ایٹمی سمجھوتے کی بحالی کے لئے ویانا مذاکرات کا نیا دور آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں انتیس نومبر سے شروع ہوا ہے اور بدستور جاری ہے  ۔

ٹیگس